بھٹکل 16/اکتوبر (ایس او نیوز) بچوں کی چھٹیوں کے پیش نظر مرکز حافظ ابن حجر العسقلانی رحمہ اللہ بھٹکل کے زیر اہتمام شعبہ دعوت و تبلیغ کے تحت شیخ ابو عواد عبدالقادر عودہ برماور عمری کی زیر نگرانی نماز نبوی کورس کا انعقاد کیا گیا، جو کامیابی کے ساتھ مکمل ہوا۔
مرکز کی طرف سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق یہ کورس 7 دنوں پر مشتمل تھا، جس میں 6 دن تعلیم کے لیے مختص کیے گئے تھے جبکہ آخری دن بچوں کی تفریح کے لیے پکنک کا اہتمام کیا گیا۔
کورس میں 100 سے زائد طلبہ نے شرکت کی، اور اس کے نصاب میں شیخ سلیمان محمدی مدنی حفظہ اللہ کی کتاب "نماز کا مسنون طریقہ" کے منتخب ابواب شامل تھے۔
طلبہ کو 7 اساتذہ کے درمیان تقسیم کرکے حلقوں کی شکل میں تعلیم دی گئی۔ ماہر اساتذہ کی زیر نگرانی طلبہ نے نہ صرف نماز کا مسنون طریقہ اور اس کے مسائل سیکھے بلکہ عملی مشق بھی کی۔
یہ کورس بروز سنیچر ۳ ربیع الآخر ١٤٤٦ھ مطابق ۵ اکتوبر ۲۰۲٤ء کو شروع ہوا اور ۸ ربیع الآخر ١٤٤٦ھ مطابق ۱۰ اکتوبر ٢٠٢٤ء بروز جمعرات اختتام پذیر ہوا۔ ۹ ربیع الآخر ١٤٤٦ھ مطابق ۱۱ اکتوبر ٢٠٢٤ء بروز جمعہ بعد نماز، طلبہ اور شبینہ مکاتب کے طلبہ کو پکنک پر لے جایا گیا۔
مدیر مرکز جناب عبداللہ گوائی ندوی کی سرپرستی اور شیخ عودہ عمری کی نگرانی میں اساتذہ کے بھرپور تعاون سے کورس کامیابی سے منعقد ہوا۔